سلمان پیرزادہ نخشب کی پہلی پاکستانی فلم ’’فانوس‘‘ کے ہیروبنے

لاہور: عثمان پیرزادہ کا تعلق ایک ایسے اعلیٰ تعلیم یافتہ فنکار گھرانے سے ہے ۔ شوبز بزنس کا کوئی بھی شعبہ ایسا نہیں جو اس گھرانے کی دسترس میں نہ ہو ۔ اسٹیج ، ماڈلنگ ، مصوری ، ٹیلی ویژن اور فلم میں کردارنگاری سے لے کر فلمسازی اور ہدایتکاری کے تمام شعبے کو یا ان کی دسترس میں ہیں اور سبھی میں انھوں نے اپنی صلاحیتوں اور عظمتوں کو منوایا ہے ۔ برصغیر کی فلمی تاریخ میں رفیع پیرزادہ کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ ہندو پاک کے معروف ہدایتکار کیدارشرما جس پاکستانی شخصیت (نفیس خلیلی مرحوم) کو اپنا گرودیو کہتے تھے اور اب بھی کہتے ہیں وہ نفیس خلیلی مرحوم رفیع پیر زادہ کی عظمتوں پربڑے نازاں تھے اور انکو فلم وفن کا مرشد کہا جاتا تھا۔عثمان پیرزادہ اسی عظیم ومعروف شخصیت رفیع پیرزادہ کے صاحبزادے ہیں ۔ عثمان پیرزادہ کے بڑے بھائی سلمان پیرزادہ ہدایتکار نخشب جارچوی مرحوم کی پاکستان میں پہلی فلم ’’فانوس‘‘ کے ہیرو تھے ۔ہماری ایک معروف تعلیم یافتہ اور باوقار ٹی وی آرٹسٹ ثمینہ پیرزادہ عثمان کی شریک حیات ہیں ۔ ثمینہ پیرزادہ ٹیلی ویژن کے علاوہ فلموں میںبھی اپنی فنی صلاحیتوں کا بھرپور اور شاندار مظاہرہ کرچکی ہیں اور ان کی بطور ڈائریکٹر فلم ’’انتہا‘‘ بھی بنائی ۔ عثمان نے زیادہ فلموں میں کام نہیں کیا اور اپنی فنی سرگرمیوں کو ٹیلی ویژن اور رفیع پیر تھیٹر تک محدود کر لیا ہے۔بہرحال مندرجہ ذیل فلموں میں انھوں نے مرکزی اور سائیڈ رومانوی کردار کیے فلم ’’سازش‘‘ میں سری لنکا کی ایک حسینہ مالنی کے مقابل ہیرو کی حیثیت سے پیش ہوئے تھے بعدازاں جاوید جبار کی فلم ’’مسافر‘‘ یہ دراصل ہدایتکار موصوف کی انگریزی فلم ’’بیانڈ دی لاسٹ مائونٹین‘‘ کا اردو ورژن تھی ۔ یہ اعزاز بھی عثمان پیرزادہ ہی کو حاصل ہے کہ وطن عزیز میں بننے والی پہلی اور واحد اس فلم انگریزی زبان کے ہیرو بھی وہی تھے ۔شمیم ہلالی نے ان کے مقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔ہدایتکار نذر شباب کی ’’سسرال‘‘میں کویتا کے مقابل رومانوی کردار کیا ہے۔ہدایتکار جان محمد کی ’’پرکھ‘‘میں ان کے مقابل نویں تاجک ہیروئن تھی۔سید کمال کی پنجابی فلم ’’کل دے منڈے‘‘ حسن امتثال کی ’’نئی تہذیب‘‘ بابرہ شریف کے مقابل تھی۔ ہدایتکار ایس سلیمان کی ’’نظر کرم ‘‘، ہدایتکارہ سنگیتا کی ’’میں چپ رہونگی‘‘ ، ہدایتکارہ شمیم آراء کی ’’مس کانگ کانگ‘‘ ، جہانگیر قیصر ’’چن میرے‘‘ کے علاوہ ’’نزدیکیاں‘‘ اور ’’گوری دیاں جھانجریاں‘‘ فلمیں شامل ہیں۔ عثمان پیرزادہ نے بطور ڈائریکٹر ’’قرض‘‘ بنائی جو کامیاب رہی ۔ عثمان پیرزادہ نے ٹیلی ویژن پر بڑے عمدہ اور لازوال کردار ادا کیے ہیں۔عثمان پیرزادہ نے ابتدائی تعلیم سینٹ انتھونی ہائی اسکول سے حاصل کی جب کہ ایم اے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے کیا۔

تبصرے بند ہیں.