روس کی ممتاز بیلے ڈانسر ماپلیٹس یسکیا انتقال کر گئ

روس کی ممتاز بیلے ڈانسر ماپلیٹس یسکیا جرمنی میں 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

برلن: (ویب ڈیسک) روس کی ممتاز بیلے ڈانسر ماپلیٹس یسکیا کا جرمنی میں 89 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ بولشوئے تھیٹر کے ڈائریکٹر ولادیمیر یورن نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ ولادیمیر نے کہا کہ ان کی موت حرکتِ قلب بند ہو جانے سے ہوئی ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انھوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انھیں بچانے کی تمام تر کوششیں کیں لیکن انھیں بچایا نہ جا سکا۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ماپلیٹس یسکیا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ خیال رہے کہ مایہ ناز بیلے رقاصہ ماپلیٹس یسکیا نے بولشوئے تھیٹر میں 1943ء میں شمولیت اختیار کی اور اپنے فن کی خاصیت سے دنیا بھر کے ناظرین کو مسحور کر لیا۔ 1960ء میں وہ بولشوئی کی پرائما بیلرینا یعنی اہم ترین بیلے ڈانسر بنائی گئیں جو کہ انتہائی مخصوص اعزاز ہے۔ ان کے اہم کرداروں میں ’سوان لیک‘ میں اوڈیٹے اوڈائل، ’سلیپنگ بیوٹی‘ میں ارورا اور ’کارمن سوٹ‘ میں کارمن کا کردار اہم ترین تھا۔ ماپلیٹس یسکیا نے 65 سال کی عمر میں سٹیج کو خیرباد کہا اور کو کوریو گرافر یعنی رقص کے رموز سکھانے والی بن گئیں اور دنیا بھر میں اس فن کو سیکھنے کی جستجو رکھنے والوں کو اپنی ماہرانہ اور فنکارانہ تربیت سکھائی۔ وہ 1991ء میں اپنے شوہر اور موسیقار روڈیون شیڈرن کے ہمراہ جرمنی منتقل ہو گئیں اور میونخ میں سکونت اختیار کی۔ –

تبصرے بند ہیں.