رنبیر کپور سے شادی کرنا چاہتی ہوں: عالیہ بھٹ

بالی ووڈ کے سپر سٹار رنبیر کپور سے کئی بھارتی خواتین شادی کی خواہشمند، طویل فہرست میں فلم نگری کی نئی مسافر عالیہ بھٹ بھی شامل ہو گئیں۔

ممبئی: (آن لائن) بالی ووڈ کے سپر سٹار رنبیر کپور اپنی اداکاری کے علاوہ لڑکیوں سے دوستیوں کے حوالے سے بھی چرچے میں رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود خواتین ان سے شادی کی خواہشمند ہیں جن میں بالی ووڈ کی کئی اداکارائیں بھی شامل ہیں۔ اب اس طویل فہرست میں فلم نگری کی نئی مسافر عالیہ بھٹ بھی شامل ہو گئی ہیں۔ بھارتی ٹی وی شو میں مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ اپنی پہلی فلم ” سٹوڈینٹ آف دی ائر“ میں ان کے ساتھی اداکار ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا سے ان کی بہت اچھی دوستی ہے۔ دونوں ان کے سامنے پرینیتی چوپڑا کی تعریفوں کے پل باندھتے رہتے ہیں جس کا مقصد صرف انہیں غصہ دلانا ہوتا ہے لیکن انہیں معلوم ہے کہ وہ دونوں پرینتی چوپڑا سے زیادہ انہیں چاہتے ہیں اور ارجن کپور کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ جب رنبیر کپور کی فلم” راک سٹار“ ریلیز ہوئی تھی تو اسی پروگرام میں انہیں مدعو کیا گیا تھا اس وقت ان سے پہلی مرتبہ بات ہوئی تھی۔ اس دوران انہوں نے رنبیر سے بلا تکان بے سروپا گفتگو کی بعد میں انہیں احساس ہوا کہ رنبیر واقعی بہت اچھا لڑکا ہے اور وہ اب بھی اس سے شادی کرنا چاہتی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کسی سے کچھ بھی نہیں چھپایا۔ یہاں تک کہ رنبیر کی والدہ نیتو سنگھ اور اس کی سب سے گہری دوست کترینہ کیف کو بھی سب کچھ بتا چکی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.