بہن کے پیار نے شاہ رُخ اور سلمان خان کے دل موم کر دیے

بالی ووڈ انڈسٹری میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والے سلمان خان اور شاہ رُخ خان اکھٹے ہوگئے۔ کنگ خان کی دبنگ خان کی بہن کی مہندی کی تقریب میں شرکت

ممبئی: (ویب ڈیسک) یہ تاریخی لمحات بالی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی بہن ارپتا خان کی مہندی کی تقریب میں دیکھنے میں آئے جب شاہ رُخ خان بھی اس موقع پر پہنچ گئے۔ مہندی اور گیت کی رسوم کی ادائیگی کے موقع پر دیگر مہمانوں کے ہمراہ سلمان خان کی والدہ سلمیٰ خان، بہن الویرا، بہنوئی اتل اگنی ہوتری اور بھائی سہیل خان بھی شریک تھے۔ شاہ رخ خان جب ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائشگاہ پر پہنچے تو یہ خبر انڈین میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ شاہ رُخ خان اور سلمان خان نے اپنی بہن ارپتا کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں جو سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹس ٹویٹر اور انسٹا گرام پر بہت دلچسپی سے دیکھی جا رہی ہیں۔ سلمان کے بہنوئی اتل اگنی ہوتری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ شاہ رُخ خان اس پرمسرت موقع پر شریک ہوئے تھے۔ اتل اگنی ہوتری سلمان کی بہن الويرا خان کے شوہر ہیں۔ سلمان نے شاہ رخ خان کو شادی میں شرکت کے لئے دعوت نامہ بھیجا تھا۔ شاہ رُخ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ شادی میں ضرور شریک ہوں گے کیونکہ ارپتا ان کی بھی چھوٹی بہن کی طرح ہیں۔ واضع رہے کہ سلمان خان کی چھوٹی بہن ارپتا کی شادی بھارتی سیاستدان انیل شرما کے صاحبزادے ایوش شرما کیساتھ کل 18 نومبر کو ہوگی جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، امیتابھ بچن اور عامر خان سمیت دیگر شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.