بالی ووڈ میں جیا خان کی زندگی سے متاثرہ فلم بنائی جائے گی

ممبئی: فلم میکر رخست مٹا نے جیا خان کی افسوسناک موت اور ناکام محبت پر فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ رخست مٹا کے مطابق فلم کی کہانی تین لڑکیوں کے گرد گھومتی ہے جو بالی ووڈ میں اپنا کیرئیر بنانے کی غرض سے ممبئی آتی ہیں، ان میں سے ایک لڑکی کا کردار جیا خان سے مماثلت رکھتا ہے جس کی زندگی اور کیرئیر میں کافی اتار چڑھاؤ آتے ہیں۔ رخست مٹا کا کہنا ہے کہ 5 ماہ قبل ان کی ملاقات جیا خان سے ایک کلب میں ہوئی جہاں انہوں نے جیا کو فلم کی مختصر کہانی سنائی اور اسکرپٹ فائنل ہونے پر واپس جیا سے رابطہ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ رخست مٹا نے کہا کہ جیا نے فلم کی کہانی میں کافی دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن کہانی کے اختتام پر ایک کردار کے افسوسناک انجام پر وہ افسردہ ہو گئی تھیں، ان کا کہنا ہے کہ اب اس فلم کی کہانی کا اختتام وہ ویسے ہی رکھیں گے جیسے جیا چاہتی تھیں، انہوں نے کہا کہ میری فلم کی کہانی کا انجام تو مثبت ہو گا لیکن جیا نے اپنی زندگی کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔ رخست مٹا نے کہا کہ ان کی یہ فلم بالی ووڈ کی نگری میں آنے والے نئے اداکاروں اور اپنے کیرئیر کے لئے کی جانے والی ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔ رخست مٹا فلم کی کاسٹ میں نئے اداکاروں کو شامل کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.