امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر نریندرمودی کے ساتھ اپنی جعلی ویڈیو پر برہم

ممبئی: امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر بھارتی ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی کی حمایت کی جعلی ویڈیو پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اسے جاری کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ امیتابھ بچن نے سماجی ویب سائیٹ پر اپنے بلاگ پر لکھا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی اور اس میں شامل کی گئی۔ 2007 میں ”لیڈ انڈیا“ کے نام سے ایک مہم چلائی گئی تھی جو بھارت کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے چلائی گئی تھی اور جعلی ویڈیو میں شامل کی گئی میری آواز اسی مہم سے لی گئی ہے۔ بگ بی کا کہنا ہے کہ یہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی حرکت ہے اور ویڈیو بنانے والے نے کاپی رائٹ قانون کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے بارے میں انہوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے تاکہ اس شخص کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب نریندر مودی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر امیتابھ بچن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ویڈیو بنانے والے شخص کو فوری طور پر امیتابھ بچن سے معافی مانگنی چاہئے۔ اس کے علاوہ امیتابھ بچن کے لاکھوں مداحوں نے بھی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس ویڈیو پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.