افغانستان میں بم دھماکے میں 4 امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

کابل: افغانستان کے شمالی صوبے قندھار میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس (ایساف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قندھار کے علاقے زھاری میں واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب کہ اتحادی افواج افغان فورسز کے ساتھ ملکر دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کررہی تھی کہ سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکار مارے گئے۔ اتحادی افواج کے حکام کے مطابق بم دھماکے میں مارے جانے والے چاروں فوجیوں کا تعلق امریکا سے ہے۔ دوسری جانب طالبان نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا اس حملے متعدد امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے شمالی علاقے میں افغان فورسز کے اہلکار نے فائرنگ کرکے ایک امریکی فوجی کو ہلاک کردیا تھا۔ آج ہونے والے حملے کےبعد افغانستان میں رواں سال طالبان اور افغان اہلکاروں کے حملوں میں مارے جانے والے اتحادی افواج کے اہلکاروں کی تعداد 140 ہوگئی ہے، جب کہ گزشتہ گیارہ سال کے دوران افغانستان میں مارے جانےوالے غیر ملکی سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

تبصرے بند ہیں.