Latest National, International, Sports & Business News

کراچی : لیاری میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق،27 زخمی

…کراچی کے علاقے لیاری میں بزنجو چوک پر فٹ بال میچ کے اختتام پر ہونے والے دھماکے میں7افراد جاں بحق اور27 زخمی ہوگئے۔لیاری کے علاقے میں جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب بزنجو چوک پر فٹبال کا فائنل میچ ختم ہوا ہی تھا اور جیتنے والی ٹیم ٹرافی اٹھائے جیت کاجشن منارہی تھی کہ اچانک پوراعلاقہ زور دار دھماکے سے گونج اٹھا اور پل بھرکی خوشیاں زندگی بھرکے غم میں بدل گئیں۔ دھماکیسے قریبی نالے پر کھڑی گاڑی چھت ٹوٹنے کے باعث نالے میں جاگری جبکہ بم کے ذرات بال بیئرنگ اور چھرے لگنے سے زخمی ہونے والوں کو لیاری جنرل اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔دھماکے کے مقام پر صوبائی وزیر برائے کچی آبادی جاوید ناگوری کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا،تاہم وہ محفوظ رہے،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ ایس ایس پی سٹی طارق دھاریجو نے جیو نیوز کو بتایا کہ موٹر سائیکل پرنصب بم کوریموٹ کنٹرول سے اڑایاگیا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل فیروز آباد کے علاقے سے چوری کی گئی تھی، جبکہ دھماکے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا،ان کاکہناتھاکہ دھماکے کا ٹارگٹ فٹ بال میچ میں شریک افراد اور صوبائی وزیربرائے کچی آبادی جاوید ناگوری تھے۔تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے، مگر ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لیاری دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تبصرے بند ہیں.