اسلام آ باد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ پاکستان لاطینی امریکی ممالک خصوصاً برازیل سے اپنے صنعتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا۔ برازیل کے سفیر الفریڈولیونی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برازیل دنیا کی چھٹی بڑی معیشت اور ایک وسیع کنزیومر مارکیٹ ہے، پاکستان اور برازیل کے درمیان تجارت کو1ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کے درمیان حالیہ طے پانے والے ویزہ معاہدے کے ذریعے بزنس کمیونٹی کو برازیل کا 5 سال کا ملٹی پل ویزہ مل سکے گاجس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ برازیل لاطینی امریکا میں فی الوقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور تیزی سے پھیلتی ہوئی معیشت ہے، برازیل عالمی معیشت میں اپنے گہرے اثرات مرتب کررہا ہے جس سے پاکستانی سرمایہ کار خاطر خواہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ برازیل کے سفیر نے کہا کہ برازیل کی حکومت اس وقت پاکستان کی طرف ماضی سے زیادہ متوجہ ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور تجارت بڑھانے میں سنجیدہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.