Latest National, International, Sports & Business News

قابل تجدید توانائی مصنوعات کی تجارتی پیداوارکیلیے سمجھوتہ

اسلام آباد: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اوروزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذیلی اداروں میں ڈیزائن اور تیار ہونے والی قابل تجدید توانائی و الیکٹرانک مصنوعات کی تجارتی مقاصد کے لیے بڑے پیمانے پر پیداوار اور مارکیٹنگ کے لیے سمجھوتہ طے پا گیا۔ اس حوالے سے سٹیڈیک ٹیکنالوجی کمرشلائزیشن کارپوریشن آف پاکستان، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، پاکستان کونسل برائے قابل تجدید توانائی ٹیکنالوجیز (پیکرٹ)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس (این آئی ای)، ٹیلی کام انڈسٹری آف پاکستان وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب جمعرات کو اسلام آباد میں ہوئی، سٹیڈیک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایس کے محی الدین، ٹی آئی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر ندیم احمد خان، پیکرٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد اسلام اور این آئی ای کے ڈائریکٹر جنرل ظفر اقبال کھوکھر نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔اخلاق احمد تارڑ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز میاں بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایم او یو کے تحت این آئی ای اور پیکرٹ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق مصنوعات ڈیزائن تیار کرینگے اور انہیں مکمل تکنیکی معلومات کے ساتھ ٹی آئی پی کے حوالے کیا جائے گا جبکہ اس کی تمام مالیاتی اور تجارتی پہلوؤں کا ذمے دار سٹیڈیک ہو گا۔ سمجھوتے کے تحت ٹی آئی پی ان مصنوعات کی بڑے پیمانے پر پیداوار اور مارکیٹنگ کرے گی، اس حوالے سے قابل تجدید توانائی و الیکٹرک مصنوعات کے انتخاب، قابل عمل آپریشنل ماڈل اور ایس او پیز ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دے گا۔

تبصرے بند ہیں.