Latest National, International, Sports & Business News

ٹورنٹو ٹینس،؛ وینس ولیمز پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئیں

امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز ٹورنٹو ویمنز ٹینس میں پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئیں، انھیں بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز نے مات دے دی۔ تھرڈ سیڈ اگنسیکا نے یانیا وکمائر کو پچھاڑ کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، امریکی پلیئر لورین ڈیوس نے روس کی سویٹلانا کزنٹسووا کا ابتدا میں شکار کرلیا، اینا ایوانووک، جیلینا جینکووچ، میگدیلینا ریبریکووا اور سمانتھا اسٹوسر نے بھی ابتدائی میچز جیت لیے، عالمی نمبرون نووک جوکووک نے ومبلڈن فائنل میں ناکامی کے بعد مونٹریال ماسٹرز کے ذریعے کھیل میں کامیاب واپسی کرلی،کائی نیشکوری اور رچرڈ گیسکوئٹ بھی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق بیماریوں سے نجات پاکر کھیل میں واپس آنے والی وینس ولیمز کو مونٹریال ماسٹرز کے ابتدائی راؤنڈ میں بیلجیئم کی کرسٹن فلپکنز نے 0-6، 6-4 اور 6-2 سے ہرادیا، سیکنڈ راؤنڈ کے مکمل ہونے والے2 میچز میں جرمنی کی 8 سیڈ اینجلیک کیربر کو سلواکین پلیئر ڈومنیکا سبولکووا نے 6-7(0/7)، 6-2 اور 7-5 سے شکست دے دی، تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے یانیا وکمائر کو 6-2، 6-3 سے پچھاڑ کر تیسرے راؤنڈ میں نشست محفوظ بنائی۔اس سے قبل کھیلے گئے فرسٹ راؤنڈ مقابلوں میں میگدیلینا ریبریکووا نے رومانیہ کی الیگزینڈرا ڈیلگیرو کو 6-4، 6-3 سے ہرایا،امریکا کی لورین ڈیوس نے روس کی معروف پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا کو ابتداہی میں شکار کرلیا، ان کی فتح کا اسکور 3-6، 7-5 اور7-5 رہا، ماریا کریلنکو نے کروشین حریف پیٹرا مارٹک کو 6-2، 6-1 سے زیر کیا، فرانس کی آلیز کورنیٹ نے روسی کھلاڑی الینا ویسنینا کو 6-3، 6-3 سے مات دی، ایکٹرینا ماکارووا نے آسٹریلیا کی اناستاسیا روڈینووا کو6-1، 7-5 سے قابو کرلیا، سربیا کی اینا ایوانووک نے چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی کو6-1، 6-2 سے ہرایا، سربیا کی جیلینا جینکووچ نے جورجین حریف اینا تاتیشویلی کو 7-6(8/6)،4-6 اور 6-3 سے شکست دی، فرانسسکا شیوانے نے جنوبی افریقی کھلاڑی چینیلی شیپرز کو 2-6، 6-3 اور 6-3 سے ہرایا، کارلا سواریز نیوارو نے جیمی ہامپٹن کیخلاف 6-4، 6-4 سے جیت کی بدولت دوسرے راؤنڈ میں قدم رکھا، کینیڈا کی ایوگینی بوچارڈ نے روس کی الیسا کیلی بونووا کو 6-3، 6-1 سے مات دی، سمانتھا اسٹوسر نے جولیا گیلشکو کیخلاف 5-7، 6-2 اور 6-3 سے فتح پائی۔دوسری جانب مونٹریال ماسٹرز میں ورلڈ نمبرون نووک جوکووک نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی، انھوں نے پہلی آزمائش میں جرمن حریف فلورین میئر کو باآسانی6-2، 6-1 سے ٹھکانے لگایا، سربیئن اسٹار مونٹریال ماسٹرز میں2007، 2011 اور 2012 میں چیمپئن بنے، انھوں نے کینیڈا میں اپنی لگاتار فتوحات کو11 میچز تک دراز کرتے ہوئے فلورین میئر کیخلاف باہمی مقابلے کے ریکارڈ کو5-0 سے مزید بہتر بنالیا، سیزن میں ان کی اب تک کی پرفارمنس 40-6 ہوگئی، وہ کیریئر کے 15ویں ماسٹرز ٹائٹل کو جیتنے کیلیے پُراعتماد ہیں، سیکنڈ راؤنڈ میچز میں جاپان کے کائی نیشکوری نے آندریس سیپی کو 4-6، 7-5 اور 6-1 سے مات دی، رچرڈ گیسکوئٹ کو مارٹن کلزان کیخلاف 6-3، 6-2 سے ملنے والی کامیابی نے تیسرے مرحلے میں پہنچایا، علاوہ ازیں مقامی شائقین کیلیے موجودہ ایونٹ خاصا خوش کن ہے، چار کینیڈین پلیئرز نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔ ہوم ایونٹ میں 1972 میں پانچ میزبان کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی جس میں کچھ کو بائی بھی ملی، ویسک پوسپیسل نے ڈرامائی انداز میں فتح حاصل کرتے ہوئے امریکی حریف جون اسنر کو واپسی کا پروانہ تھمادیا، ان کی جیت کا اسکور5-7، 7-6(7/5)،7-6(7/4) رہا، اسنر کی ناکامی سے اے ٹی پی رینکنگ میں پہلی مرتبہ کوئی بھی امریکی پلیئر ٹاپ 20 میں شامل نہیں رہا، 40 برس قبل عالمی درجہ بندی شروع ہونے کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہوگا،کینیڈا کے نمبرون میلوس راؤنک نے فرنچ حریف جیریمی شارڈے کو 6-3، 4-6 اور 7-5 سے قابو کرلیا، تیسرے میزبان پلیئر فرینک ڈینسووک نے چائنیز تائپے کے لو ین ہوشن کو 5-7، 7-6(8/6) اور 6-1 سے زیر کیا، چوتھے کینیڈین کھلاڑی فلپ پیلیو کے مقابل آنے والے جارکو نمینن 3-6، 7-5 اور 3-1 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوگئے۔ دیگر میچز میں اٹلی کے 13 سیڈ فابیو فوگنینی نے مارکوس بغدیتس پر 1-6، 6-1 اور 6-1 سے غلبہ پالیا، روس کے نکولائی ڈیوڈنکو نے فرانس کے جائلز سیمون کو 2-6، 6-1 اور 6-1 سے ہرایا، پولینڈ کے 15 سیڈ اور ومبلڈن سیمی فائنلسٹ جیرزی جینووچ نے جولین بینیٹو کو 3-6، 6-3 اور 7-5 سے ہرادیا۔

تبصرے بند ہیں.