عیدالفطر کے بعد ڈھاکا میں ہڑتال کی کال کے پیش نظر پاکستان فٹبال ٹیم کا بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن الیون سے پہلا پریکٹس میچ کھٹائی میں پڑگیا۔ بی ایف ایف آفیشل نے کہا کہ رہنماؤں کو سزائیں دینے کیخلاف جماعت اسلامی نے ڈھاکا میں 13 اور 14 اگست کو ہڑتال کرنے کا اعلان کررکھا ہے، پاکستانی ٹیم کو یکم ستمبر سے شروع ہونے والی ساف فٹبال چیمپئن شپ کی تیاریوں کے سلسلے میں بنگلہ دیش میں 2 میچز کھیلنے کیلیے 11 اگست کو ڈھاکا پہنچنا ہے، اس سلسلے کا پہلا پریکٹس میچ 13 اگست کو شیڈول ہے۔ پاکستانی ٹیم دوسرا مقابلہ بنگلہ دیش کی نیشنل سائیڈ سے 16 اگست کو کھیلے گی، چیئرمین آف دی نیشنل ٹیم کمیٹی قاضی نبیل احمد نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم 13 اگست کو پاکستان اور بی ایف ایف الیون کے درمیان شیڈول میچ کے بارے میں شکوک وشبہات میں مبتلا ہیں، شہر میں سیاسی جماعت کی جانب سے دی جانے والی ہڑتال کی کال سے نظام زندگی مفلوج ہوجانے کا خدشہ ہے البتہ ہم مہمان سائیڈ سے 16 اگست کو شیڈول دوسرے میچ کے حوالے سے پُرامید ہیں۔یاد رہے کہ نیپال میں شیڈول 10ویں ساف فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی گروپ میں موجود ہیں۔ دریں اثنا جرمنی میں سکونت پذیر بنگلہ دیشی فٹبالر ریاست اسلام کی نیشنل ٹیم میں شرکت ممکن نہیں رہی، وہ منگل کو واپس چلے گئے، ڈچ کوچ لیڈویچ ڈی کریف نے تھائی لینڈ سے وطن واپس آنے پر انھیں کچھ اسائمنٹ دیے تھے تاہم ریاست مقامی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دونوں میچز میں شریک نہیں ہوئے۔ ٹیم منیجر اقبال حسین کے مطابق ریاست گزشتہ دن جرمنی واپس چلے گئے جبکہ کوچ نے مجھے بتایا کہ انھوں نے پلیئر کو کچھ اسائمنٹ دیے اگر وہ انھیں مکمل کرپائے تو شائد واپس آجائیں،ڈنمارک میں رہائش پذیر مڈفیلڈر جمال بھویان بھی اپنے کلب ہیرل اپ بولڈ کی مصروفیات کے سبب نیشنل کیمپ سے چلے گئے ، وہ بھی 12 یا 13 اگست کو ڈھاکا واپس نہیں آپائیں گے،دوسری جانب نیشنل ٹیم فٹبالرز نے عید کے موقع پر 2 سے 3 دن چھٹی کی درخواست کی تھی جسے نیشنل ٹیم کمیٹی نے مسترد کردیا،البتہ انتظامیہ کھلاڑیوں کو عید بونس دینے پر غور کررہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.