اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کی پریڈ کے دوران دارالحکومت کے اعلیٰ انتظامی افسران کی جانب سے نمائش، شان و شوکت اور ذاتی تشہیر کے مظاہرے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ آئندہ اس طرح کے طرزِ عمل کا اعادہ نہ ہو۔ایک باقاعدہ مراسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جوائنٹ سیکریٹری (ڈسپلن) سیدہ شفق ہاشمی نے اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر سہیل اشرف کو وزیراعظم کی ناراضی سے آگاہ کیا، یہ ناراضی 14 اگست کی تقریبات کے دوران دونوں اعلیٰ افسران کے بگھی میں سوار ہو کر تقریب میں شرکت کرنے پر سامنے آئی۔آئی جی پولیس اور سی ڈی اے چیئرمین کو الگ الگ بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے 14 اگست کو منعقد ہونے والی سرکاری تقریب میں پیش آنے والے اس واقعہ کا بہت سنجیدہ نوٹس لیا ہے، دونوں سینئر افسران کے گھوڑا گاڑی میں سوار ہونے کے واقعہ پر عوامی سطح پر بھی شدید تنقید سامنے آئی تھی۔دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے گہری مایوسی اور ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح شان و شوکت اور نمود و نمائش کا مظاہرہ ایک ایسا تاثر دیتا ہے جو خصوصی مراعات، تکبر اور ذاتی تشہیر سے وابستہ ہے، جبکہ یہ رویہ عوامی خدمت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ سول افسران اور سرکاری عہدیداران کو ہر وقت عاجزی، ضبط، وقار اور بہتر فیصلہ سازی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، اس طرح کا طرزِ عمل سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے اور اعلیٰ سرکاری افسران سے متوقع معیار کے بھی خلاف ہے۔مراسلے میں مزید یاد دہانی کرائی گئی کہ وفاقی دارالحکومت کے منتظمین کی حیثیت سے دونوں افسران سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ضابطۂ اخلاق، شائستگی، ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی اور مناسب طرزِ عمل کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں گے۔
تبصرے بند ہیں.