صرف ایک والرس کی خاطر کینیڈا کے ساحل پر آتش بازی منسوخ

ٹورانٹو: سالِ نو پرکینیڈا میں بے زبان جانور سے محبت کا ایک دلچسپ واقعہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ساحل پر آرکٹک والرس کی خاطر آتشبازی کی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ملک کے ساحلی شہر اسکاربورو میں موجود والرس کو دیکھنے کے لیے عوام کا تانتا بندھا رہا ہے تاہم انتظامیہ نے اسے کسی بھی قسم کی گزند پہنچانے اور تنگ کرنے پر سزا سے خبردار بھی کیا ہے۔ دوسری جانب جنگلی حیات کے ماہرین نے یہاں غل غپاڑے اور آتشبازی سے بھی منع کیا تھا کیونکہ وہ شمال کی جانب جاتے ہوئے یہاں کچھ دیر کے لیے رکا ہے۔آرکٹک خطے کے والرس اگرچہ طویل سفر طے کرتے ہیں لیکن وہ کچھ وقت کے لیے کینیڈا اور دیگر قریبی علاقوں میں رک کر کچھ وقت گزارتے ہیں۔ اگرچہ تھوروالرس گزشتہ ماہ ہیمپشائر کی ساحلی پٹی پر دیکھا گیا تھا لیکن اسکاربورو میں گزشتہ جمعے سے موجود ہے۔تھور بہت مشہور والرس بھی ہے جو اس سے قبل فرانس کے ساحلی شہر برٹنی میں بھی دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق دھماکوں اور روشنی سے یہ شدید خوفزدہ ہوسکتا ہے اور طویل عرصے تک اسی صدمے اور پریشانی کا شکار ہوسکتا ہے۔جنگلی حیات کے ماہر جیف ایڈمنڈ کہتے ہیں کہ والرس بیمار نہیں اور نہ ہی زخمی ہے تاہم لوگ اسے مناسب سے فاصلے سے دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کے قریب جانے اور چھونے سے گریز کریں۔ تاہم پہلی مرتبہ یہ ہوا ہے کہ ساحل پر آتش بازی منسوخ ہوئی ہے اور لوگوں نے اس پر عمل بھی کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.