طیارے سے ریچھ فرار ہوگیا؛ عملے کی دوڑیں لگوادیں

ابوظہبی: دبئی ایئرپورٹ پر اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب عراقی طیارے سے ریچھ فرار ہوگیا اور رن وے کو اپنی جاگیر سمجھتے ہوئے چہل قدمی کرنے لگا۔عرب میڈیا کے مطابق مسافر بردار عراقی طیارے میں ایک ریچھ کو مال برداری کے لیے استعمال ہونے والے جہاز کے خانے میں بے ہوش کرکے رکھا گیا تھا لیکن وہ طیارے کے اڑان بھرنے سے پہلے ہی ہوش میں آگیا۔طیارے کے تمام مسافر اور عملہ اُڑان کے لیے تیار تھے کہ رن وے پر ریچھ کو دیکھ کر پائلٹ حیران رہ گیا۔ ایوی ایشن کو طلب کیا گیا جس نے بڑے جتن کے بعد ریچھ کو پکڑا اور دوبارہ بے ہوش کرکے طیارے میں سوار کرایا۔اس کارروائی میں بہت وقت لگ گیا اور پرواز کافی تاخیر سے روانہ ہوئی جس پر مسافر مشتعل ہوگئے اور عملے سے جھگڑنے لگے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔عراقی طیارے کے عملے نے واقعے سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دبئی ایئرپورٹ کے عملے نے ریچھ کو بے ہوش کرکے سوار کرایا تھا۔عراقی ایئرویز کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریچھ کو دبئی سے بغداد منتقل کیا جا رہا تھا تاہم انھوں نے ریچھ کے مالک کا نام بتانے سے گریز کیا۔عراق کے وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

تبصرے بند ہیں.