فیض آباد ہنگامہ آرائی، اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات درج

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کر لئے گئے۔لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ اور عمران خان کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کے خلاف فیض آباد کے مقام پر ہنگامہ آرائی کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد میں 2 الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔پولیس کی مدعیت میں تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں 24 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں پی ٹی آئی رہنما علی احمد اعوان، عامر محمود کیانی، واصف قیوم سمیت چودھری شعیب شامل ہیں، مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔مقدمے میں درج کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور ملزمان کے پتھراؤ سے 9 ایف سی، 5 پولیس ملازمین زخمی ہوئے، مظاہرین نے موٹرسائیکلز جلائیں اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا ہے۔

تبصرے بند ہیں.