اسلام آباد- مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شہباز گل کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود سمیت دیگر رہنماؤں نے ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی کو فنڈنگ دینے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہم ان کا ہر جھوٹ ان کے منہ پر ماریں گے اور ان کو عدالتوں میں لایا جائے گا۔ جھوٹ کی بنیاد پر بیانیہ بنانے والے بھی 62، 63 کی زد میں آتے ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ شہباز گل میں ذرا سی بھی شرم ہے تو ہمارے قانونی نوٹس کا جواب قوم کے سامنے رکھیں۔ ہم نے توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کے ثبوت سامنے رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں جھوٹ کی بنیاد پر ایک بیانیہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے 21 سال میں قوم کو جھوٹ بولنا اور بدتمیزی کرنا سکھایا ہے۔ دشمنوں والا کام پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں نے کیا۔ن لیگی رہنماؤں نے عدالتوں سے اپیل کی کہ ان مقدمات کا سمری ٹرائل کرتے ہوئے فوری فیصلے دیئے جائیں۔
تبصرے بند ہیں.