لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے منی لانڈرنگ کیس کی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی تھی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ شہباز شریف سرکاری مصروفیات اور حمزہ شہباز کمر درد کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ گزشتہ روز شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے، وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے، رات موسم کی خرابی پر انہیں سفر سے منع کیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت پیش ہونا چھوڑ دیا ہے۔پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ملزم ملک مقصود کی موت کی تصدیق ہو گئی ہے، ملزم ملک مقصود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمع کرا دیا ہے۔ایف آئی اے نے اشتہاری ملزم سلیمان شہباز کی جائیداد کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اداروں سے ریکارڈ آ گیا ہے اور کچھ سے آنا باقی ہے۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
تبصرے بند ہیں.