شیشے کی طرح نازک لڑکا، جسے چھونے سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ جاتی ہیں

بھارت سے تعلق رکھنے والا 12 سالہ لڑکا ایک ایسی غیر معمولی ہڈیوں کی بیماری کا شکار ہے جس میں ہلکا سا چھونے سے اس کی ہڈیاں ٹوٹ جاتی ہیں ،اسی وجہ سے اسے شیشے جیسا نازک قرار دیا جاتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش سے تعلق رکھنے والا 12 سالہ روہت ‘Osteoporosis’نامی بیماری کا شکار ہے جسے عام طور پر ہڈیوں کے بُھربُھرے پن کی بیماری کے طور پر جانا جاتا ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق اس بیماری میں انسانی جسم کی ہڈیاں اتنی نازک ہوجاتی ہیں کہ وہ ہلکا سا دباؤ یا معمولی سی چوٹ کی وجہ سے ٹوٹ جاتی ہیں اور یہ سلسلہ نئی ہڈی کے بننے تک جاری رہتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس بیماری کی وجہ سے روہت کے جسم کی تقریباً 100 ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں جس کی وجہ سے وہ اکثر اوقات کافی تکلیف میں رہتا ہے۔

فوٹو: نیویارک پوسٹ

یہی نہیں بلکہ اس بیماری نے روہت کی نشوونما کو بھی اس حد تک روک دیا ہے کہ وہ صرف 1 فٹ، 4 انچ لمبا اور اس کا وزن تقریباً 32 پاؤنڈز ہے۔اپنی ہڈیوں کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے روہت دوستوں کے ساتھ کھیلنے سے بھی قاصر ہے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کیلئے اپنی ماں پر انحصار کرتا ہے جبکہ اس کی بہن اسے پڑھنا سکھا رہی ہے کیونکہ وہ اپنی حالت کی وجہ سے اسکول بھی نہیں جا سکتا۔ماہرین کے مطابق الحال ‘Osteoporosis’ کا کوئی علاج نہیں ہے، اگرچہ مریض کیلشیم سپلیمنٹس اور ہڈیوں کی نشوونما کو بڑھانے والی ادویات لے کر ان علامات کو کم کر سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.