اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کی سنتھیا رچی کے خلاف قذف آرڈی نینس کی کمپلینٹ پر سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ جمعرات کو ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے رحمان ملک کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے رحمان ملک کے وکیل کو سنتھیا رچی کی بریت کی درخواست پر آئندہ سماعت پر دلائل کا حکم دیا ۔ عدالت نے کہاکہ سنتھیا رچی کی بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے آخری مہلت دے رہے ہیں،آئندہ سماعت پر رحمان ملک کے وکیل سنتھیا رچی کی درخواست پر دلائل دیں۔ رحمان ملک کے وکیل پیش نہ ہوئے،جونیئر وکیل نے درخواست پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ،سنتھیا ڈی رچی اپنے وکیل عمران فیروز کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئی۔ وکیل عمران فیروز نے کہاکہ سنتھیا ڈی رچی نے کیس میں بریت کی درخواست دائر رکھی ہے،درخواست گزار وکیل کیس کو جان بوجھ کر لٹکا رہے ہیں، عدالت یک طرفہ کارروائی کرکے ہماری بریت کی درخواست منظور کرے۔
تبصرے بند ہیں.