اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے محرم کے جلوس کے شرکاء پر تشدد اور ظلم و جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام میں ظلم و تشدد کا وہ منظر پیش کیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی ،کہا ہے کہ بھارت کے دعوئوں میں کوئی دم خم نہیں ،بھارت نے پہلے بھی چین کیساتھ پنجہ آزمائی کی اور اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگے۔منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں،مذہبی رواداری کی جھوٹی دعویدار، بھارت سرکار نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی۔ انہوںنے کہاکہ پہلے تو عزاداری کے جلوسوں کو نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی بعد ازاں ان جلوسوں کے شرکاء کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا گرفتاریاں کی گئیں ،پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ عید کے موقع پر ہم نے دیکھا کہ مساجد کو تالے لگوا دیے گئے اور اب محرم الحرام میں ظلم و تشدد کا وہ منظر پیش کیا گیا جس کی مثال نہیں ملتی – انہوںنے کہاکہ پوری امت مسلمہ میں اس بھارتی رویے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں اس موقع پر پاکستان کے تمام شہریوں کا، علماء کا اور ان تمام مکاتب فکر کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے محرم الحرام کے دوران یکجہتی، رواداری اور وضع داری کا ثبوت دیا جس کے باعث تمام پروگرامز بخیر و عافیت سرانجام پائے اور شرانگیز قوتوں کو اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں آج کرونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے حیرت کی بات یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرونا وبا کے دوران بھی بھارتی مظالم جاری رہے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے کرونا وبا کے دوران مس ہنڈلنگ کی ۔ انہوںنے کہاکہ میری 21 اگست کو دورہ چین کے دوران، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات ہوئی انہوں نے مجھے لداخ کی صورتحال، بھارت کی جانب سے کیے گئے غیر قانونی اقدامات اور چین کی طرف سے کیے گئے دفاعی اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ چین جانتا ہے کہ دنیا حقائق سے پوری طرح آشنا ہے چین کو اپنے نکتہ نظر اور اپنی فورسز پر اعتماد ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے دعوئوں میں کوئی دم خم نہیں ہے ،بھارت نے پہلے بھی چین کے ساتھ پنجہ آزمائی کی اور اپنے فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ہر فورم پر موثر انداز میں اٹھا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ میں نے زبانی طور پر بھی اور تحریری طور پر بھی بھارت کے جارحانہ عزائم سے دنیا کو آگاہ رکھا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور باالخصوص بین الاقوامی میڈیا کو اس حوالے سے مشترکہ آواز اٹھائی چاہیے
تبصرے بند ہیں.