مفتاح اسماعیل کی حفاظتی ضمانت منظور

سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران شیخ کی 7 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔چیئر مین نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے پر مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران شیخ نے حفاظتی ضمانت لینے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔مفتاح اسماعیل اور عمران شیخ کی ضمانت کی درخوستوں کی سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب کی جانب سے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، جو غیر قانونی ہیں، نیب حکام ہراساں کر رہے ہیں۔درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ نیب کے سامنے پیش ہونے کو تیار ہیں، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔عدالتِ عالیہ نے مفتاح اسماعیل اور عمران شیخ کی 7 دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کر تے ہوئے انہیں 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ چھاپے مارنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیب نے جب بھی بلایا ہے پیش ہوا ہوں، شاہد خاقان عباسی جیسا مخلص انسان کبھی پاکستان کو نہیں ملا۔

تبصرے بند ہیں.