لاہور: مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو سو نہیں، صرف تیس دن میں حکومت کی سمت معلوم ہو جا ئیگی ، لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد سے جلد حل کریں گے۔ طالبان سے مذاکرات کو سنجیدگی سے لینا چاہیئے۔ سندھ میں عوام نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیا ہے، کراچی کے حالات درست کریں، مرکزی حکومت انہیں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ لاہور کے الحمرا ہال میں پارٹی کے نومنتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ گیارہ مئی کو عوام نے احتساب کیا ہے، گذشتہ حکومت نے عوام کو مایوس کیا، اس لئے نتیجہ انتخابات میں دیکھ لیا، اب سڑکوں پر حکومت الٹانے کا کھیل ختم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ صدر زرداری نے انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد نہیں دی۔نواز شریف نے کہا کہ وہ شہباز شریف کی طرح لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی کوئی تاریخ نہیں دیں گے لیکن یہ مسئلہ کم سے کم وقت میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہ پاکستان اس وقت سولہ ہزار ارب روپے کا مقروض ہے، حکومتی اخراجات میں تیس فیصد کمی کی جائے گی، عیش و عشرت کے سلسلے بند ہوں گے، لوڈشیڈنگ کے حل کے لئے فوری طور پر پانچ سو ارب روپے کے گردشی قرضے اتارنا ہوں گے جبکہ خزانہ خالی ہے۔مسلم لیگ نون کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیا ہے، اب وہ کراچی میں حالات ٹھیک کریں، وفاق انہیں بھرپور تعاون فراہم کرے گا، جس کے بعد وہاں لاشیں نہیں گرنی چاہئیں۔لیگی قائد نے طالبان کے بارے میں واضح موٴقف دیتے ہوئے کہا کہ اگر طالبان نے مذاکرات کی بات کی ہے تو پھر اسے سنجیدہ لینا چاہیئے، چالیس ہزار جانیں گنوا چکے ہیں اور معیشت تباہ ہوچکی ہے، اب کیوں نہ مذاکرات کے ذریعے امن قائم کریں۔نواز شریف نے واضح کیا کہ مرکز میں تنہا حکومت بنا سکتے ہیں، مگر دوسری جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے، خیبر پختونخواہ میں کچھ لوگوں نے حکومت بنانے کا مشورہ دیا، لیکن تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کیا، بلوچستان میں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔
تبصرے بند ہیں.