آئرلینڈ کا پاکستان کیخلاف میچز کیلئے اسکواڈ کا اعلان
ڈبلن: آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف دو ون ڈے میچز کی لئے چودہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ فل سمنزنے ان کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھا ہے جنہوں نے مارچ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میں کامیابی حاصل کی تھی۔ آئرلینڈ نے پاکستان کوابتدائی راوٴنڈ میں شکست دے کر دوہزار سات ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تھا لیکن دوسال قبل گرین شرٹس نے مصباح الحق کی قیادت میں آئرلینڈ کودو صفر سے زیرکیاتھا۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا میچ تئیس مئی کوڈبلن میں کھیلا جائے گا جس کی لئے آئرش ٹیم کوآل راوٴنڈرجان مونی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ مونی آنجہانی وزیراعظم مارگریٹ ٹھیچرکیخلاف ٹوئٹر پر متنازعہ کمنٹس کی وجہ سے پابندی کی زد میں ہیں۔ البتہ وہ چھبیس مئی کودوسرا ون ڈے کھیلیں گے۔ پاکستان کے خلاف ون ڈے میچزکی لئے آئرش ٹیم کپتان ولیم پورٹ فیلڈ، ایلکس کوساک، جارج ڈوک ریل، ٹرینٹ جونسٹن، ایڈ جوائس، جان مونی، ٹم مرٹاگ، کیون اوبرائن، نیل اوبرائن، جیمزشینن، میکس سورنسن ، پال اسٹرلنگ، اینڈریووائٹ اورگیری ولسن پرمشتمل ہے۔ دوسری جانب اسکاٹ لینڈ نے گورڈن ڈرمنڈ کی جگہ کائل کوئٹزر کوکپتان مقرر کر دیا ہے۔ کوئٹزر پاکستان کے خلاف دو ون ڈے میچز سے ذمہ دارایاں سنبھالیں گے۔
تبصرے بند ہیں.