دنیا کی کوئی طاقت مجھے خوفزدہ نہیں کرسکتی، پرویز مشرف
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت مجھے خوفزدہ نہیں کر سکتی‘ ہمیشہ تمام فیصلے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں کیے ہیں۔ میرے خلاف سازشیں کرنیوالوں کے ہاتھوں میں مایوسی کے سوا کچھ نہیں آئے گا‘ میرا دامن صاف ہے اور عدالتوں سے میری بے گناہی اس بات کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے‘ نظریے اور اصول کی سیاست کرتا ہوں جس کیلیے سب کچھ بھی قربان ہو جائے تو کوئی پروا نہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا میں نے پہلے بھی سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگایا اور آج بھی میرا نعرہ سب سے پہلے پاکستان ہی ہے۔ میں نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے اور کبھی بھی میدان چھوڑ کر بھاگا نہیں جو میدان چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں ان کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ میں ہر فورم پر اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔ ایک بیان میں پرویز مشرف نے وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.