لاہور: ایل ڈی اے پلازہ سے مزید 8 لاشیں نکال لی گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی
لاہور: ایل ڈی اے پلازہ میں کام کرنے والے کئی افراد تا حال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے، عمارت سے مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز لاہور کے ایجرٹن روڈ پرواقع ایل ڈی اے پلازہ میں آگ لگنے کے باعث کئی افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیوآپریشن جاری ہے جب کہ 26 افراد کو عمارت سے زخمی حالت میں نکال لیا گیا جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،عمارت کی پانچویں ،چھٹی اور ساتویں منزل پر ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں ریسکیو عملے کے 250 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ڈی جی ریسکیو رضوان نصیر کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر ابھی بھی مزید لاشیں موجود ہو سکتی ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے انتظامیہ نے عمارت میں آگ لگنے کے 40 منٹ بعد اطلاع دی۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی نے ایل ڈی اے پلازہ میں آگ لگنےسے متعلق اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، رپورٹ کے مطابق آگ پھیلنے کی بنیادی وجہ ریسکیوکے عملے کو 45 منٹ تاخیر سے اطلاع دینا تھی جس کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی اوراسے بجھانے میں 24 گھنٹے لگ گئے جبکہ ایل ڈی اے پلازہ کا ڈیزائن بھی ریسکیو کاموں میں تاخیر کی وجہ بنا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ آگ ایل ڈی اے کی ساتویں منزل پر لگی جوکہ خالی تھا اور کسی کے استعمال میں نہیں تھا جس کی وجہ سے آگ پھیلتی گئی، رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ آگ لگنے کی دیگر مختلف وجوہات بھی ہوسکتی ہیں جن میں شارٹ سرکٹ یا پھر کوئی کیمیکل کا پھینکا بھی، جس کے بارے میں جائزہ لیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزایل ڈی اے پلازہ کی ساتویں منزل پر جنریٹر نے آگ پکڑ لی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی کئی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،آگ کی وجہ سے عمارت کی بالائی منزلوں پر کام کرنے والے افراد عمارت میں پھنس گئے اورجان بچانے کی کوششوں کے دوران متعدد افراد نیچے کود کرشدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال لےجایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
تبصرے بند ہیں.