بھارت کا پاکستانی زائرین کوسیکیورٹی فراہم کرنے سے انکار

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ بھارت کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ پاکستانی زائرین کو سیکیورٹی فراہم کرسکے۔ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر نے دفتر خارجہ میں جنوبی ایشیا کے حوالے سے قائم ڈیسک کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کی اور کہا کہ حالیہ واقعات کے باعث ہمارے لئے پاکستانی زائرین کو سیکیورٹی فراہم کرنا ناممکن ہے اور ہماری پاکستانی حکام اور اجمیر شریف جانے والے زائرین سے درخواست ہے کہ وہ اپنا دورہ منسوخ کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے وزارت مذہبی امورکو بھی آگاہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے بھارت کے عوام میں شدید اشتعال پھیلایا جارہا ہے، جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی کا باعث بن گیا اوراسی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کی جیل میں قید پاکستانی قیدی کو بھی سابق بھارتی فوجی نے کلہاڑی کے وار کرکے شدید زخمی کردیا تھا جو گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چندی گڑھ کے اسپتال میں انتقال کرگئے جب کہ سیالکوٹ کے سرحدی علاقے میں بھی بھارت کی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کی گئی اورپاک بھارت دوستی بس جو لاہورآرہی تھی اس پر بھی امرتسر میں پتھراؤ کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.