وزیر اعظم کی موجودگی کے باجود فائرنگ اور تشدد سے ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، آج مختلف واقعات میں نیوی کے کیپٹن سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیول افسر کیپٹن ندیم اور ان کی اہلیہ کار پر اپنے گھر سے پی این ایس جوہر ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ موٹرسائیکل سواروں نے نیشنل اسٹیدیم کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کیپٹن ندیم شہید ہو گئے جبکہ ان کی اہلیہ ثمینہ زخمی ہو گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نیول حکام اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ نیول حکام نے کار اپنی تحویل میں لے لی۔ چنیسر گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص ایاز جاں بحق ہو گیا۔ اس واقعہ کے بعد لواحقین نے کالاپل کے قریب کورنگی روڈ پر احتجاج شروع کر دیا اور سڑک ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ پولیس نے ٹریفک متبادل سڑک پر موڑ دی۔ شاہ فیصل کالونی تین نمبر میں فائرنگ سے تیس سالہ عمیر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش مزید کارروائی کے لئےاسپتال منتقل کر دی۔ نیپیئر تھانے کے علاقے پرانا حاجی کیمپ اور پاک کالونی تھانے کے حدود میں میانوالی کالونی سے بھی ایک لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔ پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کر دی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.