Latest National, International, Sports & Business News

شاندار فتح پر دل خوش، کشمیریوں نے (ن) لیگ پر بھرپور اعتماد کیا: مریم اورنگزیب

راولپنڈی : سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شاندار فتح پر دل بہت خوش ہے، کشمیری عوام نے (ن) لیگ پر بھرپور اعتماد کیا۔راولپنڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں شاندار فتح پر دل بہت خوش ہے اور کشمیری عوام نے نواز شریف اور مریم نواز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپور کے ہر ڈبے سے شیر نکل رہا ہے جب کہ نواز شریف کے مظفرآباد جلسے کے بعد ہی (ن) لیگ کی کامیابی واضح ہو گئی تھی۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں ایٹمی دھماکے کیے، ملک کو اندھیروں سے نکالا اور ترقی کی بنیاد رکھی جب کہ مریم نواز نے پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھایا، اگر مخالفین نے انتخابات جیتنے ہیں تو انہیں نواز شریف اور مریم نواز جیسی قیادت سامنے لانا ہوگی۔مریم اورنگزیب نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا شور مچانے والے خود دھاندلی کی کوشش کرتے پکڑے گئے اور اب الٹا انتخابات چوری ہونے کا واویلا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے ترقی کا سفر مزید آگے بڑھایا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام جان چکے ہیں کہ ترقی کا نشان مسلم لیگ (ن) ہے، آئندہ مرحلے کے انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے جب کہ کشمیر کے نوجوانوں کو بھی لیپ ٹاپس اور سکالرشپس کی سہولت ملنی چاہیے۔مریم اورنگزیب نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ 2 اگست کو پولنگ سٹیشنوں پر وقت سے پہلے پہنچیں اور شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کو امن کے داعی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جب کہ راولپنڈی میں شہباز شریف کی ترقیاتی خدمات نمایاں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.