اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسلام نے 14 صدیاں قبل خواتین کو عزت، مساوات، تعلیم، وراثت اور معاشی حقوق عطا کیے، جبکہ خواتین کا معاشی استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد اور اسلامی تعلیمات کا بنیادی تقاضا ہے، خواتین کا بااختیار ہونا پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم خواتین نے ہر دور میں علم، قیادت، تجارت، سفارت کاری اور سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، جنہوں نے خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان خواتین کی تعلیم، ڈیجیٹل شمولیت، کاروباری مواقع اور مالی خودمختاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کو معاشی خودمختاری اور باوقار زندگی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خواتین کی فیصلہ سازی، قیادت اور معاشی سرگرمیوں میں مؤثر شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے فروغ کے لیے مؤثر قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں، جبکہ تعلیم اور صحت خواتین کے حقیقی معاشی استحکام کے بنیادی ستون ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ خواتین کے معاشی استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور عملی اقدامات اختیار کریں، پارلیمانی سفارت کاری مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.