Latest National, International, Sports & Business News

گلگت بلتستان انتخابات: پیپلز پارٹی 9 نشستوں پر کامیاب، آزاد امیدوار 6، ن لیگ کی تین نشستیں

گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں ووٹنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، 24 میں سے 19 نشستوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 9 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے، آزاد امیدواروں نے 6، مسلم لیگ (ن) نے 3 اور مجلس وحدت مسلمین نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کرلی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے 24 حلقوں میں سے اب تک 18 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ چکے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے حلقہ 12، 11، 10، 9، 7، 5، 4، 1 اور 19 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ موصولہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی بی اے گلگت 1 کے 80 پولینگ اسٹیشنز سے موصولہ نتائج کے مطابق پی پی کے امیدوار امجد حسین 10594 ووٹ کے ساتھ کامیاب ہوئے جبکہ پی ایم ایل ن کے محمد شفیق الدین 6312 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی اے 2 سے چند پولنگ اسٹیشن کے نتائج موصول ہوئے ہیں جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے حافظ حفیظ الرحمن کو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل ہے، پیپلز پارٹی کے جمیل احمد دوسرے اور آئی پی پی کے امیدوار فتح اللہ خان تیسرے نمبر پر ہیں۔حلقہ جی بی اے 3 گلگت 3 کے تمام 82 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار سید سہیل عباس7877 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر ایڈووکیٹ 7361 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔جی بی اے 4 نگر 1 میں تمام 53 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد علی اختر نے میدان مار لیا ہے انہوں نے 7654 ووٹ حاصل کیے جبکہ دوسرے نمبر پر اسلامی تحریک پاکستان کے محمد ایوب وزیری رہے جنہوں نے 6597 ووٹ حاصل کیے۔جی بی اے 5 نگر 2 کے تمام 32 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج ایکسپریس نیوز کو موصول ہو چکے ہیں اور غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی مراد 2705 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار ریاض اکبر 2584 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔حلقہ جی بی اے 6 ہنزہ میں آزاد امیدوار نیک نام کریم 6360 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پیپلز پارٹی کے امتیاز الحق دوسرے نمبر پر رہے۔ اسکردو کے حلقوں میں پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں نے نمایاں کارکردگی دکھائی جہاں مختلف نشستوں پر قریبی مقابلے دیکھنے میں آئے۔

تبصرے بند ہیں.