منڈی بہاؤالدین: لیبیا سے یورپ جانے والی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ضلع منڈی بہاؤالدین کے 6 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق کشتی لیبیا سے اٹلی کی جانب 105 افراد کو لے کر جا رہی تھی کہ ساحل کے قریب سمندر میں ڈوب گئی، حادثے میں تقریباً 30 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور لاپتہ افراد میں تحصیل پھالیہ کے گاؤں ٹھٹہ کدیوالہ کے پانچ نوجوان، طیب عباس، عرفان بشیر، تنویر صادق اور فیضان ساجد شامل ہیں، جبکہ نواحی گاؤں رنمل شریف کا اقبال ارشد اور پنڈی لالہ کا سعد ظفر بھی حادثے کا شکار ہوئے۔حادثے میں بچ جانے والے عمران اصغر گھمن نے اٹلی پہنچ کر پناہ گزین کیمپ سے اپنے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔افسوسناک واقعے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا ہے اور گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی ہے، جبکہ اہل علاقہ اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے دعاگو ہیں۔
تبصرے بند ہیں.