پڑوسی ملک بھارت میں دُلہن ایک سال قبل کورونا وائرس کے باعث دُنیا سے کوچ کرجانے والے اپنے والد کو اپنی شادی کے دن اسٹیج پر دیکھ کر جذباتی ہوگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست حیدرآباد میں سائی ویشنوی نامی لڑکی کے والد کی گزشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہو گئی تھی لیکن اس کے بھائی پھنی کمار نے اپنی بہن کی شادی پر اُسے ایک انوکھا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔شادی کے دن سائی ویشنوی کے بھائی نے بہن کو باپ کے مومی مجسمے سے حیران کر دیا، دلہن سائی ویشنوی اپنے والد کے مجسمے کو دیکھ کر جذباتی ہوگئی۔یوٹیوب پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب دلہن سائی ویشنوی نے اپنے والد کا مومی مجسمہ دیکھا، دُلہن اور اُس کی ماں پہلے تو حیران ہوئیں لیکن بعد میں رو پڑیں۔دلہن کو اپنے والد کے مجسمے کو گلے لگاتے اور چومتے ہوئے دیکھا گیا، شادی کی تقریب میں موجود دیگر رشتہ داروں نے بھی مجسمے کو گلے لگایا اور جذباتی ہوگئے۔دوسری جانب دلہن کے بھائی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مجسمہ کرناٹک میں بنایا گیا تھا اور اسے مکمل ہونے میں ایک سال سے زیادہ کا وقت لگا۔
تبصرے بند ہیں.