Latest National, International, Sports & Business News

کشمیر سے متعلق دیے گئے بیان پر قائم ہوں،خواجہ آصف

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیر سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، انہوں نے جو بیانات دیے میں نے اسکا جواب دیا اور میں نے جو بات کی اسکی دلیل بھی دی ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جناب اسپیکر میں نے اس حوالے سے ٹویٹ بھی کیا، برتھ سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی کشمیری یا پاکستانی نہیں بنتا، کشمیریوں نے جانیں دی لیکن ہم نے بھی جانیں دیں، ہم نے پانچ جنگیں لڑی ہیں لیکن صلہ کیا ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نوے کی دہائی میں شدید کشیدگی دیکھی، میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے کشیدگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، ان کے اقتدار کے زمانے میں اس ایوان میں کیا کیا نہیں ہوا، مراد سعید ان میزوں کے اوپر دوڑتے تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ آئیں آپ بھی ماضی کو درست کریں اور ہم بھی درست کرتے ہیں، آئیں میثاق جمہوریت کا حصہ بنیں اور دستخط کریں، اِنہوں نے آدھے گھنٹے میں 55 قانون سازیاں کیں، ایک شخص نے اسپیکر کی کرسی پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، ہمارا ماضی قابل رشک نہیں لیکن درست کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن لیڈر کے پاس گئے لیکن عمران خان وزیراعظم تھے تو آپ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے، یہ عمران خان کے ڈر سے ہمارے ساتھ ملتے بھی نہیں تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا کسی نے نہیں پہنچایا، آئین اور جمہوری روایات کو عمران خان نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، محمود خان اچکزئی ان کے درمیان بیٹھ کر بڑے عجیب لگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ایوان میں ہاتھا پائی ہوتی رہی، ہم اور پیپلزپارٹی لڑتے رہے لیکن شہید بی بی اور میان نواز شریف نے احساس کیا اور میثاق جمہوریت پر دستخط کیے، اگر میثاق جمہوریت میں کچھ بہتری لانے کی ضرورت ہے تو آئیں کرتے ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین کی باتیں کرنے والوں نے اسی ایوان میں تحریک عدم اعتماد کے بجائے آرٹیکل 5 استعمال کیا اور اسمبلی تحلیل کر دی لیکن ہم نے میثاق جمہوریت کرکے ماضی کو بھلایا اور آگے بڑھے، آئیں میثاق جمہوریت کو مزید بہتر بناتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.