کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائی، 30 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کے دوران 30 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیے لیا جبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 2 افرادجاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے شہر کے کئی مقامات پر جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپے مارکر 30 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ،گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ ایک جانب پولیس اوررینجرز شہرمیں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تواتر سے کررہی ہیں تو دوسری جانب شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی رکنے کا نام نہیں لے رہا، آج بھی کھارادر تھانے کی حددو ٹاور کے قریب 10 سے 15 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد ایک مغوی کو اپنے ہمراہ لائے اور سڑک پر کھڑا کرکے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نیتجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، اس دہشت انگیز کارروائی کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ شلوار قمیض پہنے مقتول کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے جب کہ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا، پاک کالونی پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش شناخت کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوادی ، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہر میں جہاں ٹارگٹ کلرز اپنی کارروائیاں پوری آزادی سے کررہے ہیں تووہیں ڈاکو اوررہزن بھی شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں ،آج ڈکیتی و رہزنی کی 22 سے زائد وارداتوں میں مسلح ملزمان ، نقدی ، بھاری مالیت کے طلائی زیورات ، موبائل فونز ، دستی گھڑیاں ، اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ پولیس ان وارداتوں میں ملوث ایک بھی ملزم کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

تبصرے بند ہیں.