Latest National, International, Sports & Business News

کراچی آپریشن آخری مجرم کی گرفتاری تک جاری رہے گا، نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ کراچی میں اہداف کے حصول،قیام امن اورآخری مجرم کی گرفتاری تک بلاامتیاز ٹارگٹڈآپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے باعث شہرمیں امن قائم ہورہاہے اوراس کامیابی میں پولیس خصوصاً رینجرزکااہم کردارہے،کراچی میں قیام امن کیلیے وفاق حکومت سندھ کوہرممکن تعاون اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا،کراچی آپریشن کے دوران کسی بے گناہ شخص کوگرفتارنہ کیاجائے۔ان خیالات کااظہارانھوں نے رینجرز ہیڈکوارٹرکراچی میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں گورنرعشرت العباد ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار،ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل رضوان اختر اوردیگرانٹیلی جنس ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیر اعظم نوازشریف ملک کے واحدوزیرا عظم ہیں جنھوں نے رینجرز ہیڈکوارٹرسندھ کادورہ کیاہے ۔رینجرز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ڈی جی رینجرزنے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرزنے وزیر اعظم کوکراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال،جرائم پیشہ عناصرکے خلاف جاری ٹارگٹڈآپریشن پرتفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے کراچی آپریشن میں رینجرزکے کردار کوسراہتے ہوئے کہاکہ کراچی کی رونقیں بحال کرنے اورکامیاب ٹارگٹڈآپریشن میں رینجرزکااہم کردارہے اوررینجرز کی کارکردگی کے باعث کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے کراچی کو ایک مرتبہ پھر روشنیوں کاشہر بنائیں گے۔وزیر اعظم نے وفاقی وزیرداخلہ کوہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وزارت داخلہ،سندھ حکومت اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے اور انھیں تمام وسائل مہیاکیے جائیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی میں قیام امن کے لیے تمام ادارے رابطے کے نظام کومربوط بنائیں۔ وزیر اعظم نے مزیدہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اوررینجرزجرائم پیشہ عناصرکیخلاف سیاسی وابستگیوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے کارروائی جاری رکھیں۔وزیر اعظم نے ڈی جی رینجرز کی بریفنگ پراطمینان کااظہار کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کورینجرزہیڈکوارٹرکے دورے کے موقع پرڈی جی رینجرزنے دو ماہ کے دوران ٹارگٹڈ آپریشن میں پکڑاجانے والا اسلحہ بھی دکھایا،وزیراعظم اسلحے کودیکھ کر حیران رہ گئے۔ڈی جی رینجرزنے وزیراعظم کو غیر قانونی موبائل سمزبندنہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کے بارے میں آگاہ کیاجس پر وزیراعظم نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکوغیرقانونی سمزبندکرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثنا گورنر ہائوس کراچی میں وزیراعظم سے شہرکے26تاجروں نے ملاقات کی۔ تاجربرادری نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کے دوران شہرمیں جاری آپریشن کے گرتے ہوئے گراف کی شکایت کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف آپریشن کومصلحتوں سے بالائے طاق رکھنے کامطالبہ کیا،تاجرنمائندوں شکوہ کیاکہ کراچی میں آپریشن کاآغازانتہائی بہترین تھالیکن بعدازاں مختلف مصلحتوں کی وجہ سے جاری آپریشن کاگراف گرتاچلاگیاہے اورمطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔ملاقات میں کراچی چیمبرسے سراج قاسم تیلی،زبیرموتی والا اور صدرکراچی چیمبر عبداللہ ذکی کے علاوہ کراچی اسٹاک ایکس چینج کے سینیررکن اورممتازصنعتکارعقیل کریم ڈھیڈی،ایس ایم منیرودیگر شریک تھے۔ملاقات کے دوران کراچی چیمبرکے صدرعبداللہ ذکی نے وزیراعظم نوازشریف سے معیشت،تجارت وصنعت کے حوالے سے درپیش تاجربرادری کے مسائل پربھی بات چیت کی خواہش ظاہرکی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ فی الوقت ان کی اولین ترجیح کراچی میں ٹھوس بنیادوں پرامن کاقیام ہے اوروہ صرف ایک ایجنڈے کے ساتھ کراچی آئے ہیں ۔ تاہم وزیراعظم نے کراچی چیمبرسے وعدہ کیاکہ وہ کراچی میں اگلااجلاس صرف معیشت،تجارت وصنعت پر طلب کریں گے یاپھر کراچی کے تاجروں کواسلام آباد طلب کیاجائے گا۔وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کی نگرانی کیلیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مطالبے پرمانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دیدی،مانیٹرنگ کمیٹی سندھ حکومت اورقانون نافذکرنے والے اداروں کی مشاورت سے جلد قائم کردی جائے گی،انھوں نے کہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ افراداوردہشت گرداس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ ٹارگٹڈآپریشن 4یا6ماہ میں ختم ہوجائے گا،یہ آپریشن اس وقت تک چلتا رہے گاجب تک ایک ایک مجرم کو پکڑ نہیں لیاجائے گا،ہم اپنے گریبان کو جھانک کردیکھیں کہ کراچی سمیت پورے ملک میں خون خرابے اوربدامنی میں ہمارا اپنا کردار کیاہے۔

تبصرے بند ہیں.