کراچی امن کا گہوارہ اوردل والوں کاشہرہے،بھارتی شاعر گلزار

لاہور / کراچی: بھارتی شاعر اور فلم ڈائریکٹر گلزار نے کہاہے کہ کراچی دل والوں کاشہرہے ہندوستان میں رہتے ہوئے اکثریہاں کے حالات کے بارے میں معلوم ہوتا توتشویش ہوتی مگر کراچی آکر ذہن سے یہ تاثرختم ہوگیاہے کراچی امن کا گہوارا ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے بات چیت کے دوران کیا انکا کہنا تھا کہ ہندوستان کی طرح پاکستان میں بھی ادب کے لیے تیزی سے کام ہورہاہے کراچی ادب کامرکزہے ایک سوال کے جواب میں گلزارکاکہنا تھا کہ ہندوستان کی فلموں میں اردوکااستعمال بہت سوچ سمجھ کرکیاجاتاہے فلم ڈائریکٹرکی کوشش ہوتی ہے کہ شوٹنگ سے قبل باقاعدہ اسکرپٹ فنکاروں سے پڑھوایاجائے اور ان کا تلفظ بھی باقاعدہ پرکھا جائے اگرکہیں کوئی غلطی محسوس ہوتی ہے تواسے سمجھایا جاتا ہے ۔یہاں اب تک جتنے بھی دوستوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ان سے ملکراچھالگا پاکستان اورہندوستان کی مشترکہ فلم سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گلزار کا کہنا تھا کہ ہم توچاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے فنکارملکرکام کریں اورمعیاری فلمیں بنائی جائیں اس کے لیے حکومتی سطح پربھی تعاون کی ضرورت پیش آئیگی۔ دریں اثناء بھارتی شاعر، نغمہ نگار گلزار ، ہدایتکار وشال بھردواج اور ریکھا بھردواج کراچی میں ایک دن قیام کے بعد گذشتہ روز دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.