کانگریس کی صدر سونیا گاندھی 1984 کے فسادات کیس میں امریکی عدالت میں طلب

واشنگٹن: امریکی عدالت نے بھارت کی حکومتی جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو 1984 میں سکھوں کے قتل عام کے کیس میں طلب کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سکھوں کے ایک گروپ نے امریکی عدالت میں 27 صفحات پر مشتمل شکایت درج کی جس میں سونیا گاندھی پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے نومبر 1984 کے فسادات میں سکھوں پر حملہ کرنے والے کارکنان کو تحفظ فراہم کیا لہٰذا عدالت انہیں طلب کر کے ان سے اس بارے میں وضاحت طلب کرے، عدالت میں دائر کی گئی شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ کانگریس کے کارکنوں نے 1984 میں منظم سازش کے تحت سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ہزاروں خواتین ومرد کو تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان فسادات میں سیکڑوں سکھوں کو بے دردی سے قتل بھی کیا گیا۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی حالیہ دنوں علاج کے غرض سے امریکا ہی میں مقیم ہیں۔

تبصرے بند ہیں.