چین میں دنیا کا قدیم ترین دانت دریافت

دانت کے فوسل 2019 میں دریافت ہوئے تھے

چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے ماہرین نے متعدد قدیم فوسلز دریافت کیے جن میں دنیا کا قدیم ترین دانت بھی شامل ہے۔

یہ فوسلز Silurian عہد کے ہیں یعنی وہ عہد جو 41 سے 44 کروڑ سال پہلے کا ہے۔

یہ فوسلز 2019 میں دریافت ہوئے تھے مگر ان کے حوالے سے تحقیقی نتائج اب جاری ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ وہ عہد تھا جب ریڑھ کی ہڈی والے جانور پانی میں ڈوبے سیارے میں تیرتے تھے۔

اس عہد کے بارے میں زیادہ تفصیلات موجود نہیں کیونکہ اب تک اس دور کے فوسلز نہیں مل سکے تھے۔

ان فوسلز میں سائنسدانوں نے کروڑوں سال پرانی ہڈیاں بھی دریافت کیں جو دانتوں کے گچھے کی ہیں۔

محققین کے مطابق یہ دریافت اس عہد کے جانداروں میں جبڑوں کی موجودگی کا ٹھوس عندیہ دیتی ہے۔

دیگر فوسلز میں سے ایک شارک جیسے کسی جاندار کے ڈھانچے کے اگلے حصے کا ہے۔

جریدے نیچر میں اس حوالے سے 4 تحقیقی رپورٹس کے نتائج جاری کیے گئے اور محققین کا کہنا تھا کہ Silurian عہد ریڑھ کی ہڈی والے جانداروں کے ارتقا کا اہم دور تھا، کیونکہ اس وقت دانتوں اور جبڑوں کا ارتقا شروع ہوا۔

جسم میں اس اضافے کے بعد انہیں شکار کرنے کا موقع ملا، جس کے بعد جسم میں مزید تبدیلیاں آئیں۔

تبصرے بند ہیں.