پہلا ون ڈے:پاکستان نے اسکاٹ لینڈ 96 رنز سے ہرادیا

ایڈنبرا: پاکستان نے پہلے ون ڈے میں اسکاٹ لینڈ کو چھیانوے رنز سے شکست دیکر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی، مصباح الحق نے قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے اٹہتررنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ایڈنبرا میں کھیلے جانیوالے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرزعمران فرحت اورناصرجمشید نے پہلی وکٹ کیلئے پچاس رنزکی شراکت قائم کی۔ ناصربیس رنزبناکرپویلین لوٹے۔ پاکستان کی مڈل آرڈربیٹنگ ایک بارپھرلڑکھڑاگئی اوربیٹسمین وکٹ پرآتے اورجاتے رہے ۔ محمد حفیظ اٹھارہ، اسد شفیق سات، عمرامین تین اورکامران اکمل صرف بارہ رنزبناسکے۔ عمران فرحت ایک رن کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اوراننچاس رنزکی اننگزکھیل کر پویلین لوٹے۔ کپتان مصباح الحق وکٹ پرڈٹے رہے انہوں نے اٹہتر رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ماجد حق نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسکاٹ لینڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا صفر کے مجموعہ پر پہلی وکٹ گرگئی جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا اور پوری ٹیم چالیس اوورز میں ایک سو پینتس رنز کے مجموعہ پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر بلے باز کائل کوئٹزر بتیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ جنید خان اور سعید اجمل نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی جانب سے احسان عادل اوراسکاٹ لینڈ کے نیل کارٹر نے ون ڈے ڈیبیو کیا تاہم دونوں کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ سیریز کا دوسرا اور فیصلہ کن میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.