پرویز مشرف نے آئین توڑا ان کا احتساب ضرور ہونا چاہئے، رانا ثنا اللہ
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے آئین توڑا ہے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت ان کا احتساب ضرور ہوگا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی ملک کا مستقبل اور اس کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں کی گئی ہر غلطی سے سبق سیکھا ہے،ان کی جماعت کسی غیر آئینی اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ طیارہ سازش کیس میں جب عدالت نے نوازشریف اور دیگر افراد کو سزا سنائی تھی تو اس وقت کی فوجی حکومت نے انہیں بیرون ملک جلا وطن کیا تھا، ان کے خلاف ہر صورت آئین شکنی کا مقدمہ چلنا چاہئے تاہم پرویز مشرف کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود احمد خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ پرویز مشرف اکیلے شخص نہیں جنہوں نے ماورائے آئین اقدامات کئے اگر ان کے خلاف کارروائی کرنی ہے تو پھر تمام آمروں اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
تبصرے بند ہیں.