ٹیکسٹ ٹو امیج اے آئی سسٹمز اس وقت تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک میں بھی اس ٹیکنالوجی کو جگہ دی جارہی ہے۔ٹیکسٹ ٹو امیج اے آئی سسٹم میں لوگ اپنی پسند کی تصویر محض لکھ کر تیار کرسکتے ہیں، بس انہیں مطلوبہ تصویر کے لیے درست ٹیکسٹ تحریر کرنا ہوتا ہے جو اے آئی سسٹم فوٹو میں تبدیل کر دیتا ہے۔مختصر ویڈیو شئیرنگ کے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے حال ہی اے آئی گرین اسکرین کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے محض لکھ کر ایک تصویر بنانا ممکن ہے۔اس تصویر کو کسی ویڈیو کے پس منظر میں استعمال کیا جاسکے گا۔ٹک ٹاک کا یہ اے آئی سسٹم دیگر کمپنیوں کے تیار کردہ اس طرح کے سسٹمز کے مقابلے میں بہت سادہ ہے اور زیادہ پیچیدہ تصاویر تیار نہیں کرسکتا۔ممکنہ طور پر کمپنی نے اسے خود سادہ رکھا ہے کیونکہ جدید ماڈلز کے لیے زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت ہوتی ہے اور لاگت بھی بڑھ جاتی ہے۔اسی طرح حقیقی نظر آنے والی تصاویر کا غلط استعمال بھی ہوسکتا ہے۔ٹک ٹاک کے اے گرین اسکرین فیچر سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی کتنی تیزی سے مین اسٹریم کا حصہ بن رہی ہے جس کو ابھی 2 سال بھی مکمل نہیں ہوئے مگر اب وہ ٹک ٹاک کے ذریعے کروڑوں افراد تک پہنچ گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.