ووٹرز آج گھروں سے نکلیں، تحفظ فراہم کیا جائیگا،وزیرداخلہ
اسلام آباد: نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے کہا ہے کہ قوم جمہوریت کیلیے گھروں سے نکلے، ہم ووٹرزکومکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ یقین ہے انتخابات پرامن ہوں گے۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویومیںملک حبیب خان نے کہا کہ نگراں حکومت نے ملک میں شفاف انتخابات کیلیے دن رات کام کیا اور انتخابات کے التوا کے بارے میں تمام خدشات دم توڑ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میںامن و امان کی بحالی کیلیے کام کیا، بلوچستان کے لوگ جمہوریت کی کامیابی کیلیے پرعزم ہیں اور تمام بلوچ سیاسی رہنما انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ انھوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائن کے مطابق سیکیورٹی کے ہر ممکن انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں پولیس فورس انتخابی عمل میں فرائض انجام دے گی جبکہ پولنگ اسٹیشن پرموجود پولیس فورس کا کوئیک رسپانس فورس سے رابطہ ہو گاجوکسی بھی ناخوشگوار واقعے پرفوری ایکشن لیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ ملک محمدحبیب خان نے جمعے کو وزارت داخلہ میں قائم نیشنل الیکشن سیکیورٹی سینٹرکادورہ کیااورانتخابات کے موقع پر ملک بھرمیںکیے گئے سیکیورٹی انتظامات اور ان کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے نیشنل الیکشن سیکیورٹی سینٹر کے سربراہ طارق احمد لودھی، ڈی جی نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کو ہدایت کی کہ الیکشن کے موقع پر صوبائی حکومتوںکی بھرپورمددکی جائے اور بروقت اطلاعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں وزیرداخلہ سے سابق وزیراعظم ناروے کچل بندوک کی سربراہی میں نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ کے انتخابی مبصرین کے وفد نے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں ہونیوالے انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا وزیر داخلہ سے پاکستان میں کینیا کی ہائی کمشنر مشی میکا متشونے بھی ملاقات کی۔
تبصرے بند ہیں.