کوالالمپور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، والہانہ استقبال پر ملائیشین صدر داتو سری اور وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادہ کے لئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، اس دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب ’سکرپٹ‘ کی تعریف کی اور کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان پل کا کردارادا کرے گی، قومیں محنت سے ہی ترقی پاتی ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی فرمائش پر علامہ اقبالؒ کے اشعار بھی پڑھے۔
تبصرے بند ہیں.