مزدوروں کے بغیر ترقی کا پہیہ نہیں چل سکتا، فنکار

لاہور: مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معروف فنکاروں نے مزدوربرادری کوشاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اداکار کاشف محمود، نبیل، ثنا، لیلیٰ، فاخر اورعدنان صدیقی نے یکم مئی کے حوالے سے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا پہیہ اس وقت نہیں چل سکتا جب تک وہاں کے مزدورمحنت اور لگن سے کام نہ کرتے ہوں۔ ہمارے ہاں بھی انتہائی مسائل کے باوجود جوطبقہ دن رات کام کرنے میں لگارہتا ہے انھی کی بدولت ہم سُکھ کا سانس لے پا رہے ہیں۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پرہمیں بھی یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک کی ترقی میں اپنے شعبوں میں بھرپورمحنت کریں گے تاکہ ہمارا ملک دنیا کے دوسرے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے۔ دیکھا جائے توجو ممالک ہمیں آج ترقی کی بلندیوں کو چھوتے دکھائی دیتے ہیں یہ سب ان مزدوروں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ تک نہ کی لیکن بس اپنی محنت، لگن اور جستجو سے اپنے ملک وقوم کودنیا کے کامیاب ممالک میں شامل کرلیا۔ پاکستان میں بسنے والے کروڑوں لوگ بھی اسی جذبے سے سرشار ہیں۔ بس ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنے اختلافات ختم کردیں اورپھر مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔ اس وقت ملک بھرمیں عام انتخابات کی تیاریاں زوروشورسے جاری ہیں۔ جہاں عوام انتخابات میں ووٹ کے لیے اپنی پسندیدہ جماعتوں کا انتخاب کرنے میں لگی ہے، وہیں مزدور برادری دنیا کے مسائل سے دور محنت مزدوری میں لگی ہوئی ہے۔ اگر اس مرتبہ ہمارے مزدور بھائی اوربہنیں اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور ایماندار لوگوں کو سامنے لائیں تواس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ یکم مئی کے موقع پرمزدوروں کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ وہ ووٹ ضرورڈالیں گے۔

تبصرے بند ہیں.