اسلام آباد (این این آئی) وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنائے گی،انتظامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر عمل ہو اور اس حوالے سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق انتظامات کرنا ضروری ہیں،مویشیوں کے بیوپاریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوام کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دی جائے گی۔
وزیر داخلہ کی سربراہی میں عیدالاضحی پر قربانی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں مختلف امور زیرغور آئے ۔ وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہاکہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنائے گی۔وزیر داخلہ نے کہاکہ انتظامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر عمل ہو اور اس حوالے سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق انتظامات کرنا ضروری ہیں اس حوالے سے واضح حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ اس حکمت عملی کو تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترتیب دیاجائے گا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ ہم علماء سے بھی اس سلسلے میں رہنمائی چاہتے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت کی جاسکے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ مویشیوں کے بیوپاریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوام کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.