’’عاشقی ٹو‘‘ کی کہانی میری زندگی سے جڑی ہے، شان کو فلم میں سائن کرنا چاہتے ہیں، رائٹر شگفتہ رفیقی

لاہور: بالی وڈ کی معروف فلموں’ آوارہ پن، دھوکہ، وہ لمحے، جشن، جنت ٹو، راز، مرڈر3 ‘کی رائٹرشگفتہ رفیقی نے کہا ہے کہ جب تک فلم کی کہانی میں حقیقت کا رنگ شامل نہ ہووہ دوسروں کومتاثرنہیں کرتی۔ ’’ عاشقی ٹو ‘‘ کی کہانی میری زندگی سے جڑی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس فلم کوبھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک اورخاص طورپرپاکستان میں زبردست رسپانس ملا۔ فلموں کے لیے لکھی میری کہانیوں میں میری زندگی کاکوئی نہ کوئی پہلوضرورشامل ہوتا ہے۔ ابھی تک تومیں نے اپنی زندگی کا صرف ایک صفحہ ( پنا ) ہی پیش کیا ہے، اگر زندگی رہی اورکام کرنے کا موقع ملا تومیں اپنی زندگی کا ہرلمحہ اپنی کہانیوں کے ذریعے لوگوں کے سامنے لاؤنگی۔ شگفتہ رفیقی نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک لکھنے والا جب تک اپنی تحریرمیں حقائق کو شامل نہیں کرتا اس وقت تک پڑھنے والوںکو مزہ نہیں آتا۔ میں نے جب بھی کوئی فلم یا ڈائیلاگ لکھا اس کا حقائق سے گہرا تعلق رہا ہے۔اب تک ’ وشیش فلمز‘ کے ساتھ جتنا بھی کام کیا ہے ان سب کا میری زندگی کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ میں سچ بولتی ہوں، سچ کڑوا ضرورہوتا ہے لیکن لوگ اس کوسنتے ہیں اوراسکوتسلیم بھی کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میری کہانیاں دوسروںسے مختلف ہیں۔ میں نے اپنی زندگی میں بہت سے اتارچڑھاؤدیکھے ہیں۔ جن کواب کہانیوں میں پیش کررہی ہوں۔ شگفتہ رفیقی نے بتایا کہ پاکستان کے مختصر دورے کے دوران فلم اسٹارشان سے ملاقات ہوئی۔ جن کوفلم میں سائن کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سلسلہ میں حتمی فیصلہ مکیش بھٹ اورمہیش بھٹ لیں گے۔ میری ان سے ایک ملاقات ہوئی تھی اس موقع پرفلمسازی ، اسکرپٹ اور دیگر امور پر تفیصلی بات چیت ہوئی تھی لیکن اس دوران ہم کسی نتیجے پرنہیں پہنچے تھے۔ رواں ماہ کے آخر میں ، میں دوبارہ پاکستان کادورہ کروں گی اوراس موقع پر شان سمیت دیگر فنکاروں سے ملاقاتیں کی جائینگی۔ ہماری کمپنی پاکستان کے باصلاحیت لوگوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہے۔ جہاں تک بات شان کو سائن کرنے کی ہے توابھی تک ان کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیاہے۔

تبصرے بند ہیں.