شہنشاہ غزل مہدی حسن کی پہلی برسی منائی گئی

لاہور / کراچی: شہنشاہ غزل مہدی حسن کی پہلی برسی منائی گئی پرستاروں اور اہلخانہ نے ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور قرآن خوانی و دعائے مغفرت کی۔ کراچی میں مہدی حسن کے صاحبزادے عارف مہدی اور آصف مہدی نے قرآن خوانی اور فاتحہ کا اہتمام کیاجب کہ لاہورمیں سجادمہدی نے اپنی رہائشگاہ پر قرآنی کروائی۔ عارف مہدی نے بتایا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں مہدی حسن کے چاہنے والوں کی فون کالز اور ایس ایم ایس آتے رہے ہیںجن میں انھوں نے والدکی طویل فنی خدمات کوشاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ خصوصی دعائیں بھی کی ہیں۔ ادھرمعروف بھارتی گلوکاروں اورفنکاروں نے ٹیلی فون پررابطہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مہدی حسن کا نعم البدل کوئی نہیں بن سکتا۔عارف مہدی نے کہا کہ کئی بھارتی گلوکاربرسی کے موقع پرپاکستان آنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن ملکی حالات نے اس کی اجازت نہ دی۔ انھوں نے بتایا کہ کئی بھارتی شہروںمیں بھی والد کی پہلی برسی پرتقریبات کا انعقاد کیا گیا ،علاوہ ازیں شہنشاہ غزل مہدی حسن کی پہلی برسی عروس البلاد میں خاموشی سے گزرگئی، پاکستان کاسب سے بڑاثقافتی ادارہ آرٹس کونسل ان کی برسی کے موقع پر خاموش ہے جب کہ محکمہ ثقافت سندھ ،اکادمی ادبیات پاکستان،ریڈیو پاکستان،پی این سی اے،پی اے سی سی سمیت کسی بھی ادارے نے مہدی حسن کے حوالے سے تقریب کااہتمام نہیں کیا، واضح رہے کہ مہدی حسن 1927 میں بھارتی ریاست راجستھان کے گاؤں لونا میں پیدا ہوئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.