شہباز شریف نے تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
لاہور: شہباز شریف نے تیسری مرتبہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی، گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے شہباز شریف سے حلف لیا، اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی اور صوبائی کابینہ کے ارکان، نو منتخب وزیر اعلیٰ کے اہل خانہ، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس سے قبل آج ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف کو قائد ایوان منتخب کیا گیا تھا۔ شہباز شریف نے 371 کے ایوان میں 300 جبکہ تحریک انصاف کے محمود الرشید نے 34 ووٹ حاصل کئے تھے۔ 23ستمبر 1951 کو لاہور میں پیدا ہونے والے شہباز شریف نے 1990 میں لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے،1993 کے انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنے اور انتہائی فعال کردار ادا کیا، 1997 میں پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب کاعہدہ سنبھالا،12اکتوبر 1999 کوپرویز مشرف نے اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف سمیت شہبازشریف کی بھی حکومت ختم کرکے انہیں جیل بھیج دیا تھا، وہ اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے ہمراہ 2007 تک سعودی عرب اور لندن میں جلا وطن رہے، 2008 کے انتخابات میں پنجاب اسمبلی میں 371 کے ایوان میں 258ارکان کے ووٹ حاصل کرکے دوسری مرتبہ وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئے۔ شہباز شریف نےاپنے دوسرے دور حکومت میں میٹروبس، دانش اسکول اور نوجوانوں میں لیپ ٹاپ و سولر لیمپس کی تقسیم جیسے منصوبوں اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے مختلف اوقات میں مختلف وقت دینے پر بڑی شہرت پائی۔ مسلم لیگ ن کو بھرپور مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار تک پہنچانے والے عوام پر امید ہیں کہ پنجاب کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے شہباز شریف دن رات کام کریں گے اور بہتر حکمرانی کی نئی مثال سامنے آئے گی۔
تبصرے بند ہیں.