سرینا ولیمز نے ایک بار پھر یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیت لیا

نیو یارک: امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز ایک بار پھر یو ایس اوپن ٹینس چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ دہرادی۔ نیویارک میں سجنے والے یو ایس اوپن ویمن سنگل کے فائنل میں ماضی کی ایک جھلک نظر آئی، سال 2012 میں بھی یو ایس اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کا سامنا بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرینکا سے ہوا اور جیت نے امریکی اسٹار کے قدم چومے، اس بار بھی اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور عالمی نمبر دو آذرینکا مدمقابل آئیں اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سرینا نے پہلا سیٹ 5-7 سے جیتا، دوسرے سیٹ میں وکٹوریا نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 6-7 سے کامیابی حاصل کی تاہم تیسرے سیٹ میں وکٹوریا سرینا کے آگے ڈھیر ہوگئیں اور امریکی اسٹار نے 1-6 سے حریف کو ناصرف چارو شانے چت کیا بلکہ پانچویں بار یوا یس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اب تک 17 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی 31 سالہ سرینا نے ایک بار پھر یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیت کر معمر ترین چیمپیئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.